واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ واحد امیدوار ہیں جو امریکہ کو بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، انہوں نے ایک نئی عالمی جنگ کو روکنے کا وعدہ بھی کیا، ٹرمپ نے یہ بات پیر کو ڈیوین پورٹ، آئیووا میں ایک انتخابی مہم کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ‘دنیا کے لیے اس سے زیادہ خطرناک وقت کبھی نہیں تھا’۔ اپنی تقریر کے دوران انہوں نے دلیل دی کہ صدر جو بائیڈن نے ‘روس کو چین کے بازوؤں میں دھکیل دیا ہے۔’
نیوز ویک کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جلسے کے شرکا سے خطاب میں کہا ‘آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں، میں واحد امیدوار ہوں جو یہ وعدہ کر سکتا ہوں کہ میں تیسری عالمی جنگ کو روکوں گا۔مجھے واقعی یقین ہے کہ تیسری عالمی جنگ ہونے والی ہے۔’

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ان کے بہت اچھے تعلقات ہیں، روسی صدر ان کی بات سنیں گے، اور تصفیہ کرانے میں انہیں ایک دن سے زیادہ نہیں لگے گا۔








