اسلام آباد ( ممتازنیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ایک مضبوط تنظیم ہی متحرک تحریک کی ضامن ہو تی ہے، جماعت اسلامی اسلام آباد میں گذشتہ سالوں کی نسبت مضبوط اور گراس روٹ لیول پر منظم جماعت بن کر سامنے آئی ہے،اسلام آباد میں جب بھی بلدیاتی یا قومی اسمبلی کے انتخابات ہو ئے جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، انھوں نے کہا جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان کی محنت سے گزشتہ سال طے کیے گئے اہداف کا بڑا حصہ حا صل کر لیا گیا ہے، آئندہ سال کی حکمت عملی اور منصوبہ عمل کے مطابق جماعت اسلامی کو تنظیمی اور سیاسی طور پرسب سے بڑی جماعت کے طور پر پیش کیا جا ئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھنگی سیداں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
میا ں محمد اسلم نے کہا سود اور قرضوں کی معیشت نے ملک کو کنگال اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، عام آدمی کا معیار زندگی اور معیشت کی بہتری کیلئے کفایت شعاری سمیت انقلابی اقدامات اٹھانے پڑیں گے، مزید قرضوں، منی بجٹ اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل ملک وقوم کو دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا تبدیلی کا نعرہ تباہی اور باقی کسر پی ڈی ایم حکومت کی نااہلی وغلامانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے،چندماہ کی حکومت اور سادگی کی دعویدارشہباز شریف کی کابینہ نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ کا ریکارڈ قائم کردیا ہے جوکہ ملکی خزانے پراضافہ بوجھ اورمہنگائی،ظلم وناانصافیوں کے مارے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے۔نجات کا واحد راستہ نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور دیانتدار قیادت ہے۔









