بہاول پور(وحید احمد )پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) نے اقوام متحدہ کے چلڈرن فنڈ (UNICEF) اور سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (IUB) کے تعاون سے پانی کا عالمی دن منانے کے لیے چولستان کے علاقہ دین گڑھ میں قائم فیلڈ ریسرچ سٹیشن پر ایک قومی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں مختلف وفاقی، صوبائی محکموں کے نمائندوں اور تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محب اللہ، واش کنسلٹنٹ، یونیسیف نے اس بات کو سراہا کہ اس طرح کی تقریبات بہت اہم ہیں کیونکہ یہ محققین کو اپنے علم اور تجربات کو ایک دوسرے اور خاص طور پر طلباء کے ساتھ شیئر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عائشہ ثمرین ریسرچ آفیسر، ریجنل آفس PCRWR بہاولپور نے جنوبی پنجاب کے پینے کے پانی کی موجودہ صورتحال اور نیشنل واٹر کوالٹی مانیٹرنگ پروگرام اور یونیسف کے فنڈڈ پروجیکٹ ”واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اینڈ مٹیگیشن آف جنوبی پنجاب کے تحت کئے گئے ٹیکنیکل اسسمنٹ سروے کے نتائج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے جنوبی پنجاب کے گیارہ اضلاع میں فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کی مجموعی صورتحال بھی پیش کی اور بنیادی طور پر ضلع بہاولپور کے پانی کے معیار کی موجودہ صورتحال پر توجہ دی۔ مرزا عمران شہزاد، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف بائیو کیمسٹری، IBBB، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں بتایا۔ اگرچہ پانی اس کرہ ارض پر زندگی کی تمام اقسام کے لیے ایک لائف لائن ہے لیکن اگر اسے صاف نہ کیا جائے تو یہ زندگی پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی دستیابی اس نسل کے سب سے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ اس کا انتظام کیے بغیر معیاری زندگی گزارنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ عقیل احمد، سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے، ”پانی کی صفائی کے لیے جدید ٹیکنالوجیز” پر ایک تفصیلی پربریفنگ دی۔ انہوں نے مختلف قدرتی عمل کی وضاحت کی جس سے شہری اور دیہی علاقوں میں گندے پانی کو صاف کرنے میں مدد ملی۔ ہارون رشیدچیئر مین سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آبی ذخائر کی خرابی کی وجوہات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے موسمی حالات اور پانی کی دستیابی کے پیش نظر پانی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے مجموعی طور پر پاکستان اور خاص طور پر جنوبی پنجاب میں گندے پانی کے استعمال کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔










