برمنگھم(ممتازنیوز)قائداعظم ٹرسٹ برطانیہ کے زیراہتمام برمنگھم میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب منعقدہوئی جس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے قائداعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ محمداشتیاق نے کہاکہ پاکستان برصغیرکے مسلمانوں کی بڑی قربانیوں کا صلہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بانی کی دور اندیشی اور طاقت تھی جس نے ہمیں آزادی میں رہنے کے قابل بنایا – اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی۔ ہماری انفرادی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے حصول کی آزادی۔اس لیے ہمیں اس دن کو بڑے فخر کے ساتھ بلکہ گہری خود شناسی کے ساتھ منانا چاہیے ہمیں اپنے اسلاف کی حکمت اور استقامت کو یاد رکھنا چاہیے ہمیں آزادی کے شعلے کو زندہ رکھنا ہے۔ ہمیں اپنی کامیابیوں کا جشن منانا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ملک کے موجودہ معاشی وسیاسی حالات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت تشویش ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل جل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں اور اسے قائداعظم کے نصب العین کے مطابق حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں۔










