2022 میں امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے معالجین کا کہنا ہے کہ مریضوں سے یہ پوچھنا کہ وہ کتنے گھنٹے سوتے ہیں اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ ان کا بلڈ پریشر، خوراک اور صحت سے متعلق دیگر سوالات کرنا۔
تاہم کئی افراد کو نیند آنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، کئی لوگ رات بھر کام کرتے ہیں اور دن کو سوتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیورو سائنسدان کا ماننا ہے کہ ہماری نیند کا وقت بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا نیند کا دورانیہ۔
جب ہماری سونے کی روٹین بائلوجیکل سائکل سے مماثلت نہیں رکھتی تو ابتدائی طور پر ہمیں زیادہ بھوک کا احساس ہوتا ہے، خون میں شوگر اور بلڈ پریشر میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔
مختصر مدت کے لیے یہ جسم کے لیے نقصان دہ نہیں ہے لیکن اگر یہ روٹین کئی مہینوں اور سالوں تک جاری رہی تو دماغی بیماری، ذیابیطس، امراض قلب جیسے بیماریوں سمیت وزن میں روز بروز اضافہ ہوسکتا ہے۔
2020 میں کی گئی بین الاقوامی ایجنسی فار ریسرچ کینسر کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ ایک اندازے کے مطابق عالمی سطح پر 5 میں سے ایک شخص رات کو کام کرتا ہیں۔

’تمام مخلوقات کو نیند کی ضرورت ہوتی ہے‘
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جانوروں اور پودوں کو بھی نیند کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن ان کا دورانیہ بڑے پیمانے پر مختلف ہوتا ہے۔
بوسٹن یونیورسٹی کی جانب سے 133 جانوروں کی نیند پر تحقیق کی گئی جس کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوا کہ کینگرو 24 گھنٹے کی مدت میں صرف دو گھنٹے سے بھی کم سوتے ہیں، جب کہ آرماڈیلو اور چمگادڑ تقریباً 20 گھنٹے نیند پوری کرتے ہیں۔
کچھ جانور بشمول ڈولفن اور وہیل کے دماغ کا ایک آدھا حصہ ایک وقت میں سوتا ہے تاکہ وہ مسلسل چوکس رہ سکیں۔
جب ہم سوتے ہیں تو کیا ہوتا ہے؟
جب انسان سورہا ہوتا ہے جو دماغ اور جسم مختلف مراحل سے گزرتے ہیں، ہر مرحلے میں دماغ کی لہروں کا ایک خاص پیٹرن ہوتا ہے جس میں نیوران ایک ساتھ ایک لے پر متحرک ہوتے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے کوئی ہجوم اکٹھے گانا گا رہا ہو یا ایک ساتھ ڈھول بجا رہا ہو۔
آنکھوں کی تیز رفتار حرکت (آر ای ایم) کے دوران یہ لے کافی تیز ہوتی ہے، اس وقت خواب دیکھنے کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں اور اسی دوران ہی ہماری سانس، دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔
ایک موقع پر ہماری آنکھوں کی پتلیوں کی رفتار رک جاتی ہے، خواب غائب ہو جاتے ہیں اور دماغ کی لہریں ایک بیٹ فی سیکنڈ میں کم ہو جاتی ہے، یہی وہ وقت ہے جب ہم گہری نیند میں چلے جاتے ہیں، اس لاشعوری حالت کو ’سلوویوز‘ یا سست رفتار لہر والی نیند کہتے ہیں۔








