نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک )اہم کی جگہ وشیش یا اسپیشل۔ ‘مجرم’ کی جگہ اپرادھی یا کلپرٹ۔ دہلی پولیس نے اپنے تمام افسران کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ قانونی دستاویزات میں اردو یا فارسی کے الفاظ کے استعمال سے گریز کریں۔
بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے اپنے تمام اسٹاف کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر)، ڈائریز یا چارج شیٹس میں اردو یا فارسی کے پیچیدہ الفاظ استعمال نہ کریں۔

دہلی پولیس کمشنر کا یہ حکم دہلی ہائی کورٹ کی 2019 کی ہدایت کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ جس میں پولیس کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ قانونی دستاویزات میں سادہ زبان استعمال کریں جسے شکایت کرنے والے اور معاملے میں شامل تمام فریقین آسانی سے سمجھ سکیں۔
پولیس چیف سنجے اروڑا نے منگل کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ “گزشتہ ہدایات کے باوجود کچھ پولیس افسران اب بھی اردو اور فارسی کے پیچیدہ الفاظ استعمال کر رہے ہیں جو آسانی سے سمجھ نہیں آتے۔”
انہوں نے کہا کہ افسران کو اردو کے الفاظ کی جگہ ہندی یا انگریزی کے آسان الفاظ استعمال کرنا چاہیے۔








