بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میکسیکو میں سوئمنگ پول میں نہانے والوں پر فائرنگ؛7 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی: شمالی امریکی ملک میکسیکو میں مسلح شخص نے ہوٹل میں داخل ہوکر سوئمنگ پول میں نہانے والوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقتولین کو نشانہ بنانے والا ایک شخص تھا تاہم مبینہ طور پر اس کے ساتھ مزید 3 سے 4 مسلح افراد ہوٹل میں داخل ہوئے تھے جنھوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔

پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو سوئمنگ پول خون کے تالاب کا منظر پیش کر رہا تھا جس میں 7 لاشیں تیر رہی تھیں جب کہ ایک شخص انتہائی زخمی حالت میں تھا۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور قتل کی ہولناک واردات انجام دینے کے بعد جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ ہوٹل میں کافی توڑ پھوڑ کی۔ فائرنگ کرکے لوگوں اور اسٹاف کو ہراساں بھی کیا۔

فائرنگ میں زخمی شخص کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جب کہ واقعے کے واحد چشم دید گواہ ہونے کے باعث زخمی کی سیکیورٹی کو نہایت سخت رکھا گیا ہے۔

جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہاں منشیات کے اسمگلرز کے درمیان گینگ وار معمول کی بات ہے اور اس واقعے میں بھی اسی عنصر کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔