بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی اداکار جو رمضان میں خود بڑی سی کڑاہی میں مالپوا بناکر گاہکوں کو دیتے ہیں

رمضان کے بابرکت مہینے میں ممبئی کی معروف مارکیٹ بھنڈی بازار کی رونقیں عروج پر ہوتی ہیں، ممبئی کے کئی علاقوں سے لوگ اس بازار میں خصوصاً رمضان میں آتے ہیں  جس کی وجہ افطار میں پکنے والے مزے مزے کے کھانے ہوتے ہیں۔

اس بازار میں معروف سلیبریٹیز بھی اکثر آتی رہتی ہیں اور یہ کوئی نئی بات نہیں لیکن جو نئی بات ہے وہ یہ کہ ٹی وی و فلم کے اداکار طاہر شبیر رمضان میں خود اس بازار میں بڑی سی کڑاہی میں مالپوئے بناتے ہیں جو کہ نیپالی، بھارتی اور بنگالی میٹھا ہے۔

بھنڈی بازار میں طاہر شبیر کے والد کی مٹھائیوں کی دکان ہے جس کے باہر بڑی سی کڑاہی رکھی ہوتی ہے، اسی میں اداکار مالپوئے بناکر گاہکوں کو پیش کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں طاہر شبیر نے بتایا ‘جب بھی میرے پاس کوئی پراجیکٹ نہیں ہوتا تو میں اپنی شامیں والد کی دکان پر کام کرتے ہوئے گزارتا ہوں جو کہ 1955 میں بنی تھی’۔

اداکار کے مطابق جب وہ پانچ برس کے تھے تب ہی ان کے والد ان سے رمضان کے ماہ میں میزیں سجانے کو کہا کرتے تھے، اس کے بعد رمضان میں خاص طور پر گاہکوں کی دیکھ بھال کی مجھے عادت ہوگئی۔

انہوں نے کہا ‘میں اپنے اسٹاف کے ساتھ مل کر مالپوئے بناتا ہوں اور اسے گرم گرم ربڑی کے ساتھ گاہکوں کو پیش کرتا ہوں، میں نے اور میرے بھائی نے اپنے والد سے یہ سیکھا تھا’۔

فوٹو: بھارتی میڈیا

طاہر شبیر نے کہا ‘دیر رات کو دکان کے باہر لوگوں کا رش اور رونق کا اپنا مزہ ہے، لوگ ہماری دکان کے کھیر، توا بریانی سمیت دیگر ڈشز خوب انجوائے کرتے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دکان پر معروف اداکار بھی آچکے ہیں’۔

اداکار کے مطابق ‘مجھے یاد ہے جب ایک مرتبہ یہاں سنجے دت اور سلمان خان یہاں کھیر کھانے آئے تھے، دیا مرزا اور نیل نتن مکیش بھی گزشتہ ماہ یہاں کے کھانے انجوائے کرنے آئے تھے، میرے اداکار دوست زیادہ تر رات 11 کے بعد آتے ہیں اور پھر وہ میرے ساتھ مالپوئے بھی پکاتے ہیں’۔

فوٹو: بھارتی میڈیا

انہوں نے بتایا کہ وہ افطار کرکے فوراً ہی دکان پر آجاتے ہیں اور پھر کام شروع کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ طاہر شبیر بھارتی ڈراموں نشا اور اس کے کزنز، بے پناہ سمیت فلم نام شبانہ، مانیکارنیکا اور فین میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔