ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے تحت پہلے سے بلو ٹک ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بلو ٹک ہٹائے جانے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد بلو ٹک سے محروم ہونے والے مقامی اور بین الاقوامی شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی فہرست میں نیا اضافہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے ہوا۔
ویٹیکن سٹی کے مطابق پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے بلو ٹک ہٹائے جانے کے بعد انہیں گرے ویریفکیشن چیک مارک دے دیا گیا ہے۔
ویٹیکن سٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پوپ فرانسس کے ٹوئٹر پر 53 ملین فالور ہیں، ہمیں علم تھا کہ ٹوئٹر اپنی پالیسی میں تبدیلیاں کر رہا ہے لیکن ہم انتظار کر رہےتھے کہ وہ اپنی نئی پالیسیاں واضح کریں۔
بیان کے مطابق پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ کو گرے ٹک ویریفکیشن دے دی گئی ہے تاہم امید ہے کہ اکاؤنٹس کی سرٹیفکیشن اور اتھینٹسٹی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔
ایلون مسک نے نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔ بعد ازاں 12 دسمبر 2022 کو اسے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کیا گیا۔
ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کیلئے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔ اسی طرح کی پیشکش کمپنیوں یا اداروں کو بھی کی جائے گی۔









