کیا آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد میں اچانک کمی آئی ہے؟
اگر ہاں تو ایسا کمپنی کی جانب سے جاری ایک مہم کے باعث ہوا۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کمپنی کی جانب سے ایسے اکاؤنٹس کو پلیٹ فارم سے ختم کیا جا رہا ہے جو کئی برس سے استعمال نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر رہے ہیں جن میں کئی برس سے کوئی سرگرمی نہیں ہوئی، تو ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے فالوورز کی تعداد میں کمی دیکھیں’۔
We’re purging accounts that have had no activity at all for several years, so you will probably see follower count drop
— Elon Musk (@elonmusk) May 8, 2023
اس کا اعلان ایلون مسک کی جانب سے سب سے پہلے دسمبر میں کیا گیا تھا مگر اب اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
دسمبر میں ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر کے ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا تاکہ یوزر نیم دستیاب ہوسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن پر برسوں سے کوئی لاگ ان نہیں ہوا اور کوئی ٹوئٹ نہیں کیا گیا۔
ایلون مسک کا نیا اعلان ٹوئٹر کی غیر متحرک اکاؤنٹس کے حوالے سے پالیسی کے مطابق ہے۔
اس پالیسی میں کہا گیا کہ صارفین کو ہر 30 دن میں کم از کم ایک بار لاگ ان ہونا چاہیے اور زیادہ عرصے تک کوئی سرگرمی نہ ہونے پر اکاؤنٹس کو ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ موجودہ مہم میں کتنے عرصے سے غیر متحرک اکاؤنٹس کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹایا جائے گا۔
مگر یہ واضح ہے کہ متعدد صارفین کے اکاؤنٹس کے فالوورز کی تعداد میں اچانک نمایاں کمی آئے گی۔









