اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں اور طرح طرح کی افواہیں گردش کررہی ہیں لیکن اب مقامی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ عام تاثرات کے برعکس نیب نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ 10 دنوں سے تیاری کر رکھی تھی۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق عمران خان کی نیب میں قید کے لیے کمرے کی تزئین و آرائیش یکم مئی کو ہی کرلی گئی تھی یعنی اسی دن جب ان کی گرفتاری کے لیے چیئرمین نیب نے وارنٹ جاری کیے تھے، اس کے بعد 4 مئی کو ان کی پچھلی عدالتی پیشی پر ان کی گرفتاری کا منصوبہ تھا تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر اس دن یہ ارادہ مؤخر کردیا گیا تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی تصاویر کے برعکس انہیں اے کلاس سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ یہ کمرہ ماضی میں نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کا دفتر تھا اور اسی مناسبت سے ایک بڑا کمرا ہے جس میں اٹیچ باتھ بھی ہے۔ یکم مئی کو اس میں سے آفس ٹیبل نکال کر بیڈ ڈال دیا گیا تاہم کمرے میں صوفے موجود ہیں۔ گزشتہ رات عمران خان اپنے کمرے میں آرام نہیں کر پائے کیونکہ 2 بجے ہی انہیں سخت سیکیورٹی میں پولیس لائنز منتقل کردیا گیا تاکہ اگلی صبح عدالت میں پیشی کو ممکن بنایا جاسکے۔ نیب راولپنٖڈی میں ایک تھانہ بھی موجود ہے اور ماضی میں سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق صدر آصف زرداری کی پی ٹی آئی دور میں گرفتاری کے وقت انہیں بھی وہیں رکھا گیا تھا۔









