بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو سپریم کورٹ سے باہر نکلتے ہی پولیس نے گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری گرفتاری سے بچنے کے لیے بدھ کی صبح سپریم کورٹ پہنچے تھے اور وہ گرفتاری کے خوف سے سارا دن سپریم کورٹ میں ہی موجود رہے اور پولیس باہر انکا انتظار کرتی رہی، رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب جیسے ہی فواد چوہدری سپریم کورٹ کی عمارت سے باہر نکلے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
فواد چودھری نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد میری گرفتاری کا بھی خطرہ ہے۔
فواد چودھری نے عمران خان کی اپیل کے ساتھ متفرق درخواست دائر کی جس میں لکھا ہے کہ میں نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے، 12 مئی کو میرا مقدمہ ہائیکورٹ میں مقرر ہے لہذا تب تک مجھے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
دوسری جانب فواد چودھری گرفتاری کے خوف سے صبح سے سپریم کورٹ کی عمارت میں موجود ہیں اور وہ پولیس کے خوف سے باہر نہیں نکل رہے، پی ٹی آئی رہنما سے صحافی نے سوال کیا کہ پولیس آپ کی باہر منتظر ہے تو فواد چوہدری نے کہا کہ ہم بھی یہی پر ہیں دیکھ لیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے پاس عدالت کا حکم موجود ہے عدالت نے گرفتاری سے منع کیا ہوا ہے لیکن اب جو حالات جا رہے ہیں اس سے تو لگتا ہے کہیں چیف جسٹس بھی گرفتار نہ ہوجائیں۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کی پوری لیڈر شپ ہے عوام ساتھ ہیں۔
دریں اثنا پولیس اہلکاروں نے فواد چوہدری سے پریس روم میں ملاقات کی اور ان سے سپریم کورٹ سے باہر آنے کی درخواست کی جس پر فواد چودھری نے پولیس کو ہائی کورٹ کا ضمانت پر مبنی حکمنامہ دکھایا۔
فواد چودھری نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، دیکھتے ہیں ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر عمل کراتی ہے یا نہیں۔