اسلام آباد (ما نیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے پولیس کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی کےمطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پولیس نے ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہ کمرہ عدالت میں پہنچ کر روسٹرم پر آ گئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ باہر پولیس نے پھر گرفتار کرنے کی کوشش کی، جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم کی تحریری کاپی لیں، توہین عدالت کی درخواست دائر کریں۔
قبل ازیں فواد چوہدری عدالت سے ضمانت منظور ہونے پر گھر جانے کیلئے گاڑی میں بیٹھے ہی تھے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار انہیں گرفتار کرنے کیلئے ان کی جانب بڑھے۔ فواد چوہدری نے پولیس کا ارادہ بھانپتے ہی عدالت کے احاطے کی جانب دوڑ لگا دی، پولیس اہلکار ان کے پیچھے بھاگے مگر فواد چوہدری کو حراست میں نہ لے سکے۔
یہ امر قابل ذکر ہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فوادچودھری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کسی بھی کیس میں گرفتارنہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔









