بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران ریاض پر تشدد کی مصدقہ اطلاعات، شہریار آفریدی کی اہلیہ کو کیسے قید کیا جاسکتا تھا؟ عمران خان کا تازہ بیان آگیا

لاہور(ما نیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گرفتارپارٹی قائدین، کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے کہاکہ میں اپنے کارکنان اور قائدین کی غیرقانونی گرفتاریوں اور اغواکی شدید مذمت کرتا ہوں،ہمارے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو قید میں ڈالے ایک ہفتے سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ اسی طرح عدالتی احکامات کے باوجود صحافی عمران ریاض خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا جارہا اور ان پر تشدد کی مصدقہ اطلاعات ہیں،میں اپنی خواتین قائدین، کارکنان اور اپنے قائدین اور کارکنان کی اہل خانہ خواتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔

ان کاکہناتھا کہ شہریار آفریدی کی اہلیہ کو کیسے قید کیا جاسکتا تھا؟ واضح طور پر یہ لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے تاکہ وہ اپنے آئینی حقوق کیلئے کھڑے نہ ہوسکیں۔ عمران خان نے کہاکہ انسانی حقوق کی سابق وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے روا رکھے جانے والے سلوک اور انکی صاحبزادی پر مرد پولیس اہلکاروں کے حملے کے بارے میں جان کر میں نہایت دکھ اور تکلیف میں مبتلا ہوں۔

ان کاکہناتھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو ضمانت دیئے جانے کے باوجود انہیں اڈیالہ جیل کے اندر سے اغواکیا گیا اور تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر شیریں مزاری کے چلانے کی آوازیں سنائی دیں،ہماری خواتین کارکنان سے کئے جانے والے وحشیانہ سلوک، جس کے ویڈیو شواہد بھی مسلسل سامنے آرہے ہیں نہایت قابل نفرت و مذمت ہے۔