بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو دہشتگردی میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ثبوت دیدیے

لاہور: نگراں پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کو کالعدم جماعت قرار دلانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو تحریک انصاف کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کردیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملنے وزیراعلٰی ہاؤس پہنچے۔ دونوں کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کوایک سیاسی جماعت کے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے گیے جن میں بریفنگ، تصاویر، ویڈیوز، میسجنگ کے ثبوت شامل ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری پاکستانی قوم کو شرمسار کیا، عسکری تنصیبات پر حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، جیو فینسنگ کے ذریعے حملہ آوروں اور زمان پارک میں موجود سیاسی لیڈرشپ کے درمیان رابطوں کے ثبوت سامنے آئے ہیں، سیاست کی آڑ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور ابتدائی تخمینے کے مطابق 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کے تحفظ کے لیے بہترین اور جرات مندانہ  اقدامات کیے ہیں، پنجاب حکومت کی ٹیم سے مطمئن ہوں کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری سے ادا کر رہی ہے، الیکشن کمیشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کرانا ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور نہ کوئی سیاسی مقصد ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کیے، نگران حکومت بھی غیر جانب دار ہے اور فری اینڈ فیئر الیکشن اس کا مینڈیٹ ہے، عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیں گے، الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے ہرممکن سپورٹ کرے گا، آپ کو کسی بھی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات پر از سر نو نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔