بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسداد دہشت گردی عدالت، عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 3 مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت نے عبوری ضمانت منظور کر لی۔

نجی ٹی وی کے مطابق جناح ہاؤس حملہ سمیت مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کے کیسز ہیں، 2 مقدمات میں پولیس کے روئیے کو سامنے رکھوں گا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لارجر بنچ مقدمات کو دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ  ایک وارنٹ کیلئے اسلام آباد اور لاہور کی پولیس زمان پارک پہنچ گئی، میں مسائل پیدا نہیں کر رہا، مسائل میری طرف چل کر آ رہے ہیں، کیسز کم نہیں ہونے دیئے جا رہے، ایک میں ریلیف ملتا ہے تو 2 اور مقدمات بنا دیئے جاتے ہیں، پولیس فورس سے ہمدردی ہے، ان کا گراف نیچے جارہا ہے، پولیس فورس غیر قانونی احکامات پر عمل کر رہی ہے۔

عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی 3 مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔