لاہور(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے صدرچودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ چودھری وجاہت حسین نے اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کیا ہے،ہم اب بھی عمران خان کے ساتھ اسی طرح کھڑے ہیں۔اپنے ایک بیان میں پرویزالٰہی نے کہاکہ مجھے جب اللہ نے وزیریاعلیٰ بنایا اس میں سب سے زیادہ کریڈٹ عمران خان کا ہے، عمران خان نے مجھے یہ عہدہ دیا تھا جس پر میں نے ان سے وفا کی، عمران خان نے جب یہ عہدہ واپس مانگا تو میں نے واپس بھی دے دیا۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ انشاء اللہ میں اور مونس الٰہی عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے، میں بالکل چودھری وجاہت حسین کے خلاف نہیں ہوں،انہوں نے اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کیا ہے،مجھے اور مونس الٰہی سمیت تمام فیملی کو ان کے اس فیصلے سے کوئی رنج نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم عمران خان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں لیکن ہماری یہ خواہش ہے اور اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ فوج اور اسٹبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ وعدے پورے کیے،اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ڈٹ کے ان کے ساتھ کھڑے رہیں،انشاء اللہ مشکل وقت میں بھی ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ یہی ہمارا قول ہے اور یہی ہماری سیاست کا اصول ہے،جس طرح آج چودھری وجاہت حسین نے پریس کانفرنس کی اس سے ہمیں ان کے حالات کا اندازہ ہے،میں نے اپنے پہلے دور میں بھی اپنی مخالفت کیے بغیر کام کیا۔انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122 بنایا، دین کے حوالے سے خدمات سرانجام دیں جس میں میرے بچوں مونس الٰہی اورراسخ الٰہی کا بڑا رول رہا،ہمیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ کسی کے ادارے کو انکروچ نہیں کرنا، ہمیں اپنی حدود میں رہ کر آگے بڑھنا ہے، قوم کو ایک صحیح سمت اور روشنی دکھانی ہے تاکہ وطن میں ترقی ہو سکے۔
وجاہت نے حالات کے مطابق فیصلہ کیا، میں اور مونس عمران کے ساتھ کھڑے رہیں گے،پرویزالٰہی








