اسلام آباد:سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں سے ٹکرانا سیاست دانوں کا کام نہیں ہے۔ 9 مئی کے واقعات پر مجھے انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔ فوج کیساتھ محبت میرے اور میرے خاندان میں رچی بسی ہوئی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سیاست میں انتشار یا انتہا پسندی ہمیں نہیں لانی چاہیے، پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا اور ملک کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔ 9 مئی کو جس طرح عوام دکھی ہوئی اس طرح میں بھی دکھی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ ایک سال سے پی ٹی آئی میں کھڈے لائن تھا، عمران خان کو پیغام دیا تھا کہ ریاستی اداروں کیساتھ محاذ آرائی چھوڑ دیں، ہمارا یہ کام نہیں کہ ریاستی اداروں کیساتھ ٹکرائیں۔ کیونکہ سیاست میں انتہا پسندی نہیں ہونی چاہیے۔
پریس کانفرنس کے دوران فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ تشدد کی پالیسی چھوڑ دیں، میرے سوا کسی نے عمران خان کو نہیں بتایا کہ ایسی پالیسی نہیں ہونی چاہیے، اسی وجہ سے کھڈے لائن لگا کر میرا زمان پارک میں داخلہ بند کر دیا گیا۔









