بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

9 مئی ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،عطا تارڑ

گوجرانوالہ(ممتازنیوز )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ9 مئی ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا ، پاک آرمی پوری قوم کی حفاظت کی ضامن جس کے جوان شہادتیں دے کر ہماری حفاظت کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں ، قومی سلامتی کے اداروں پر حملہ کرنے کی کسی کی جرات نہیں تھی لیکن ایک بدبخت جماعت کے کارندے ان اداروں پر حملہ آور ہوئے ۔

گوجرانوالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکہ پاکستان کے دشمنوں کا خواب تھا کہ پاکستان کی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے جو پی ٹی آئی نے پورا کر دکھایا ،ان بدبختوں نے ناقابل معافی جرائم کا ارتکاب کیا،2018 میں ہنستا بستا اور خوشحال پاکستان چھوڑ کر گئے تھے جو انہوں نے چار سال میں تہس نہس کر دیا ،عمران خان اور اس کے حواریوں نے ملک کی مٹی سے غداری کی جس مٹی کی وجہ سے پوری دنیا میں ہم اپنا سر بڑے فخر سے بلند کر کے چلتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ یہ ملک ستائیس رمضان المبارک کی شب کو معرض وجود میں آیا اور انشاءاللہ اس ملک نے تا قیامت قائم رہنا ہے ،ہماری قیادت نےبڑی بہادری سے جیلیں برداشت کیں مریم نواز صاحبہ سزائے موت والی چکی میں قید رہیں ، پی ٹی آئی والے جب جیلوں میں گئے تو باہر نکالو باہر نکالو کا راگ الاپنے لگے،پاکستان اور عمران اب اکٹھے نہیں چل سکتے اس کے کرتوت سامنے آ چکے ۔

عطاتارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی کا سیاہ دور اب ختم ہوچکا اور اس کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی،اس جماعت نے ملک کی سالمیت پر حملہ کیا اور اس پر پابندی لگنی چاہیے ،عمران خان اب کہتا ہے مجھ سے بات کرو جب ہم بات کرتے تھے تو ہمیں جیلوں میں ڈالتا تھا ،لوگوں کے بازو مروڑ کر کے یہ جماعت بنائی گئی تھی اور اسی طرح یہ بکھر رہی ہے ،بڑے مشکل حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی ،بہت جلد مشکل حالات سے نکل کر اس ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے،مریم نواز صاحبہ ہماری شیرنی ہیں،وہ وقت دور نہیں جب ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہوں گے،قلعہ دیدار سنگھ سے میرا خصوصی رشتہ ہے اس شہر کی ترقی کے لیے اپنی ہرممکن کوشش جاری رکھوں گا۔