اسلام آباد (ممتاز نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے تر کیہ میں رجب طیب ایردوان کی شاندار کامیابی پر ترک سفارت خانے جا کر پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مہمنت پچاچی (Mehmat Pacaci)سے ملاقات کی اور انھیں مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا، اس موقع پرانچارج شعبہ خارجہ اُمور جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کر تے ہو ئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردوان کو مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے پردلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا رجب طیب ایردوان دنیا میں اسلام کی توانا آواز ہیں،جنہوں نے ہرفورم عالم اسلام کی نمائندگی اورکشمیرسے لیکرفلسطین تک مظلوم مسلمانوں پرہونے والے مظالم پرصدائے احتجاج بلند کیا،ان کی کامیابی سے مظلوم مسلمانوں کی جدوجہد کو تقویت ملے گی۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا پاکستانی قوم نے طیب ایردوان کے پاکستان کے حواکے سے جذبات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے، زلزلہ سے لیکر سیلاب اورقدرتی آفات کے موقع پر اہل پاکستان سے آگے بڑھ کر پاکستانیوں کی مددکی ہے،ان کی تاریخی کامیابی سے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔










