اسلام آباد(طارق محمود سمیر)چین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو مزید فروغ دیا جائے گا ، خطے میں امن و استحکام کے لئے چین اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا ۔زراعت کے علاوہ دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات جاری ہیں، سی پیک کو دس سال مکمل ہونے کی تقریبات منائی جائیں گی، سی پیک ایک شاندار منصوبہ ہے ہمیں نتائج پر فخر ہے، پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ بات چینی سفارتخانے کی پولیٹیکل قونصلر اور میڈیا کے شعبے کی سربراہ مس بائو زونگ نے ڈیلی ممتازکو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میںکہی ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک بیلٹ روڈکا ایک عملی منصوبہ ہے ، آج سی پیک پراجیکٹ کی دسویں سالگرہ منانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں اور ہمیں سی پیک منصوبے کے مکمل نتائج پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان میں ترقی کے لئے حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اوراس کو مختلف علاقوں میں پھیلایا جائے گا، خاص طور پر صنعتی ترقی ہو تاکہ پاکستان معاشی طور پر طاقتور بن سکے اور جدت حاصل کرے ۔ ہم سی پیک منصوبے پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے بہت پرعزم ہیں، پاکستان ، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اجلاس کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان بھی چین کے بہت اچھے پڑوسی ہیں اور ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، اب ہم اس تعاون کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصدکیلئے ملاقاتیں ہوئیں ۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتی ہوںکہ تینوں ممالک میں سیاسی رابطوں اور باہمی اعتمادکو مزید مضبوط کرنے کے لئے کوششوںکو مربوط بنانا ہوگا اور ہم انسداد دہشتگردی پر بھی کام کررہے ہیں تاکہ ہمارے ملکی مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے ۔ انہوںنے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی اور چینی میڈیا کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، دو حکومتوں اور ان کے شہریوںکے درمیان روابط میں میڈیا بڑا مثبت کردار ادا کرتا ہے،میں سمجھتی ہوںکہ دوستی لوگوں سے رابطوںکے ذریعے ہی ہوتی ہے اس لئے میڈیا کا کردار بہ اہم ہے ، خاص طور پر سوشل میڈیا کی وجہ سے نوجوان نسل کے لئے ضروری ہے کہ انہیں صحیح اطلاعات ملیں اور ہم اسی لئے چین اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں بہتر تعاون کو ترجیح دیں گے ۔
پاک چین دوستی، خطے میں امن و استحکام کے لئے چین اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، بائو زونگ








