پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ڈی ایم جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پلان اے سے پلان بی میں جانے میں پتا نہیں چلتا، جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے وہ آپ کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے سمجھتے ہیں کہ وہ بچ جائیں گے جب پلان بی بنے کا تو آپ کو پتا بھی نہیں چلے گا۔
عوام سے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’نیب چیئرمین کو 15 ارب کے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوایا ہے۔ اس آدمی نے سب کچھ بدنیتی پر کیا، نیب انکوائری جب تحقیقات میں تبدیل ہوتی ہیں تو ملزم کو بتایا جاتا ہے، مجھے بار بار نوٹس نہیں دیا گیا۔
’ان کی وجہ سے باہر کی دنیا میں یہ خبر گئی کہ عمران خان کو کرپشن کیس میں پکڑا ہے۔ اس سے میرے فلاحی اداروں کے لیے رقم جمع کرنے کی مہم متاثر ہو سکتی ہے۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی شکایت کروں گا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’رینجرز آپ تب استعمال کرتے ہیں جب آپ کو کسی دہشتگرد کو پکڑنا ہوتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جو تحریکِ انصاف کے کارکنوں کے ساتھ ہوا اس کے بعد نفرت پھیلائی جا رہی ہے جو یہیں ختم نہیں ہو گی۔‘
انھوں نے کہا کہ جو ہمارے 25 لوگ ہلاک ہوئے ہیں ان کے خاندان ڈر کر سامنے نہیں آ رہے، جو کارکن گرفتار ہوئے یا چھپے ہوئے ہیں ان کے بارے میں بھی کچھ پتا نہیں چل رہا۔
اسٹیبلشمنٹ کا پلان اے سے بی میں جانے کاپتا نہیں چلتا: عمران خان








