لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے صدر پرویز الہیٰ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پرویز الہیٰ کے خلاف کیس کی سماعت کی، اینٹی کرپشن کی جانب سے پرویز الہیٰ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی سے تفتیش کرنا درکار ہے، انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے خزانے کو نقصان پہنچایا۔
پرویز الہیٰ کے وکیل نے کہا کہ کس کے کہنے پر مقدمہ ہوا، مقدمے کا مدعی کون ہے، کوئی پتہ نہیں۔ عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ کو گذشتہ روز اینٹی کرپشن پولیس نے ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔ ان پر اینٹی کرپشن کی جانب سے سرکاری ٹھیکوں میں کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔









