بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عیدالاضحٰی کی آمد پر مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنےکا خدشہ

محکمہ لائیو اسٹاک خیبر پختونخوا نے عیدالاضحٰی کی آمد کے پیش نظر مویشیوں میں کانگو  اور  لمپی اسکن وائرس  پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، موشیوں کی نقل وحرکت سے بڑے پیمانے پر وبا پھیلنے کے امکانات ہیں جس پر محکمہ لائیو اسٹاک نے صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے لمپی اسکن وائرس کی 83 ہزار ویکیسن ڈوز خرید لی ہیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک خیبر پختونخوا نے عیدالاضحٰی کی آمد کے پیش نظر مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے اور  اس سلسلے میں تمام اضلاع کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے ۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ کانگو اور لمپی وائرس کی روک تھام کے لیے سفارشات پرسختی سے عمل درآمد کیا جائے، قبائلی اضلاع میں چیک پوسٹوں کو مویشیوں کے لیے اضافی اسپرے فراہم کیا جائے، شمالی وزیرستان اور تمام سب ڈویژنز میں چیک پوسٹوں پرعملہ تعینات کیا جائے کیونکہ مویشیوں سے پھیلنے والی بیماریاں صحت عامہ کے لیے بھی خطرہ ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک عالمزیب خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ اب تک لمپی اسکن وائرس کی 83 ہزارویکیسن ڈوز خریدی گئی ہیں اور  مزید ویکسین خریدنے کے لیے محکمہ خزانہ سے فنڈز مانگے گئے ہیں۔

گزشتہ سال خیبرپختونخوا میں لمپی اسکن وائرس سے 7 ہزارمویشی مر گئے تھے جب کہ لمپی اسکن وائرس سے گزشتہ سال 1 لاکھ 8 ہزار مویشی متاثر ہوئے تھے۔