گوجرانوالہ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سیاست تضادات کا مجموعہ ہے۔
گوجرانوالہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا 9 مئی کے واقعے کی مدعی ریاست ہے، اگر شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں نہیں ہوں گی تو یہ مناسب نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا ایجنڈا ملک کو تباہ کرنا ہے، اس شخص نے پہلے امریکا پر الزامات لگائے اب اس کی منتیں اور ترلےکر رہا ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا ہم اداروں کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہم کبھی اداروں کے خلاف نہیں رہے، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش سے متعلق سوال کے جواب میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی اپنے آپ سے ہی مذاکرات کریں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں گوادر کو بڑی اہمیت حاصل ہے، چین اور دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں لیکن سرمایہ کاری کے لیے چین اور دوست ممالک کو اعتماد چاہیے۔









