اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان میں تعینات روس کے سفیر ڈینیلا گانیچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام حکومتوں کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں اور روس شخصیات کے ساتھ نہیں بلکہ حکومتوں اور پاکستان کی عوام کے ساتھ تعلقات بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ایک انٹرویومیں روسی سفیرنے کہاکہ میں ریکارڈ پر کہنا چاہوں گا کہ ہمارے پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں اور ہم اپنے تعلقات شخصیات سے نہیں بلکہ حکومتوں اور پاکستان کے عوام کے ساتھ بنانے پر یقین رکھتے ہیں لہذا ہم سابق وزیراعظم عمران خان اور موجودہ وزیراعظم شہبازشریف کا احترام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کے داخلی معاملات ہیں ان پر ہم تبصرہ نہیں کرتے ،میرے خیال میں دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ہورہی ہے ، ہم خوراک اور گندم کی سپلائی کرتے ہیں لیکن مجھے اس کی تفصیلات کے بارے میں نہیں معلوم ،یہ دونوں فریقین پر منحصر ہے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک1979میں سوویت یونین کی جانب سے افغانستان پرحملے کی بات ہے تو یہ حقیقت ہے کہ یہ ایک تاریخی غلطی تھی،برطانیہ نے بھی یہ غلطی کی تھی،امریکیوں سے بھی یہ غلطی ہوئی۔
عمران ہوں یا شہباز دونوں ہمارے لئے محترم،پاکستان کے داخلی معاملات پرتبصرہ نہیں کرتے، روسی سفیر








