بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

طارق بشیر چیمہ پارٹی سے ناراض نہیں ہیں، چوہدری سرور

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ طارق بشیر چیمہ پارٹی سے ناراض نہیں ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ ق لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ عارف والا سے ایم این اے کے امیدوار وسیم طفر جٹ، پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے میاں حمزہ کرامت، پی پی 145 سے پی ٹی آئی صدر اطہر خان ق لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پارٹیوں کے کارکن کو عزت نہیں دی جاتی، یہاں کارکنوں کا کام صرف دریاں بچھانا اور نعرے لگانا ہے، ان کو اقتدار میں بھی حصہ نہیں ملتا، سیاست کو ایک ہزار خاندانوں سے نکال کر 24 کروڑ عوام میں لانا چاہتا ہوں۔

چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں تبدیلی کی خواہش لے کر آیا تھا، آج تک کوئی بھی جماعت الیکٹیبلز کے نرغے سے نہیں نکل سکی۔

سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ شاہدرہ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ الیکٹیبلز کے بغیر جیت کر دکھائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے والی ٹیم تشکیل دیں گے، ہمارے انتخابی امیدواروں کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہو گی، یہ سوچ ختم کرنا ہو گی کہ صرف بڑے نام ہی جیت سکتے ہیں، الیکشن کی تاریخ آئی تو اپنا سیاسی لائحہ عمل بتائیں گے، الیکشن میں وقت کم ہے ، اسٹیٹس کو سے پورا پاکستان تنگ ہے۔