اسلام آباد (ما نیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے پارلیمنٹیرینز نے ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں آئندہ سیاسی حکمت عملی اور اتحادی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت کی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئندہ الیکشن کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنیوالے خیبرپختونخوا کے پارلیمنٹیرینز میں امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی، پیر صابر شاہ، اختیار ولی، شہاب الدین، کیپٹن (ر) صفدر ، سردار اورنگزیب اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت حال کا بالعموم اور خیبرپختونخوا کے سیاسی حالات کا باالخصوص جائزہ لیا گیا اور الیکشن سے متعلق آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے خواہشمند الیکٹیبلز کی لسٹ بھی وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی جبکہ اتحادی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے پارلیمنٹیرینز کی ملاقات، اتحادی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت








