اسلام آباد(صغیر چوہدری) سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیشِ نظر پاک فوج کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں ۔ ساحلی پٹی کے نزدیک آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پاک فوج نے رات گئے محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے افراد کے اعداد و شمار بھی جاری کر دیئے ہیں۔ 82 فیصد سے زائد آبادی کو حفاظتی مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔منتقلی کا عمل آج رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔اب تک کے اعداد شمار کے مطابق 73,843 میں سے 60,442 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔پاک فوج کی طرف سے ٹھٹھہ میں 9, سجاول اور بدین میں مزید 14، 14 ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے کور کمانڈر کراچی کی ریسکیو عمل کو ہر حال میں آج رات میں مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ اگلے 72 گھنٹوں تک رینجرز اور فوجی دستوں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ کور کمانڈر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں تعینات فوجی اہلکار، سول انتظامیہ کے تعاون سے اس مشکل گھڑی میں عوام کی بھرپور مدد کریں جبکہ پاک آ رمی کے جوان گاؤں موسیٰ تحصیل کھارو چن میں پھنسے افراد کو نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔علاقہ مکینوں نے بروقت اس مصیبت سے نکالنے پر پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے تہہ دل سے شکر یہ ادا کیا ہے جبکہ پاک فوج نے گاؤں میں پھنسے لوگوں کو گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے گاؤں میں پھنسے افراد میں مرد و خواتین ، کم عمر بچے اور بزرگ شامل تھےمحفوظ مقام پر بروقت منتقلی پر گاؤں کے لوگوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔










