بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انڈونیشیا کی گوادرمیں ویئرہاوس قائم کرنے میں دلچسپی ،دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں جلد شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد(ممتازنیوز)انڈونیشیا نے گوادرمیں ویئرہاوس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی،دونوںملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں بھی جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور دیگر عہدیداران نے ملاقات کی۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ملک،سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری،اشفاق چٹھہ،محمد علی،خالد چوہدری،چوہدری وسیم،امیر حمزہ،ڈاکٹر عثمان سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔اس موقع پرسفیر نے کہاکہ 25کروڑ آبادی کے ساتھ انڈونیشیا اور ایک ارب 20کروڑ مسلم آبادی کے ساتھ ڈی 8ممالک پاکستان کیلئے بڑی مارکیٹ ہیں،پاکستان اور انڈونیشیاکو ڈی 8 مارکیٹ سے تجارتی روابط کو بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے،انڈونیشیا پاکستان کے لئے براہ راست پروازوں کی شروعات کیلئے کوشاں ہے ،اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ بات چیت جاری ہے، توقع ہے اس سال دسمبر تک مسلم دنیا کے دو عظیم ممالک کے در میان براہ راست فضائی رابطہ قائم ہو جائے گا۔ گوادر میں انڈونیشیا ویئر ہاؤس قائم کر کے پاکستان اور وسط ایشیا تک رسائی حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے،دونوں ممالک کے در میان تجارتی روابط کی بہتری اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آسیان پاکستان کیلئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے،لیکن پاکستا ن اب تک اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود سیکیٹوریل پارٹنر سے فل ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ حاصل نہیں کرسکا،ہماری خواہش ہے کہ انڈو نیشیاء آسیان کا ایک بڑا ملک ہونے کے ناطے اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے انڈونیشیاء میں منعقدہ اکتوبر میں تجارتی نمائش میں شرکت کی سفیر کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد چیمبر کا وفد اس نمائش میں بھرپور شرکت کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خواہش ہے کہ آسیان تنظیم کے ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیا جائے تاکہ پاکستان،آسیان کے ساتھ قائم درینہ تعلقات سے دونوں ممالک کو فوائد حاصل ہوں۔
سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیاء کو تجارتی سطح پر مزید قریب لانے میں سفیر کا کردار انتہائی اہم ہے،انہوں نے اس حوالے سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ روابط کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،نائب صدر انجینئر اظہر السلام نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیاء کو ریسرچ کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہیے،پاکستانی طلباء کیلئے سکالر شپ میں اضافہ خوش آئند ہے۔