لاہور(ممتازنیوز)چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کو معاشی میدان میں درست سمت پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے،سابقہ دور میں ہونے والی معاشی تباہی سے نکلنے میں وقت لگے گا،اتحادی حکومت کی تمام تر توجہ پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے پر مرکوز ہے، بزنس کمیونٹی کا معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں مرکزی کردار ہونا چاہیے۔
وہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ وفد نے چیئر مین یونائیٹڈبزنس گروپ شہزاد علی ملک کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی،اس موقع پر یو بی جی کے سرپرست اعلی صوبائی وزیر پنجاب ایس ایم تنویر،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ایف پی سی آئی کے سابق صدر دارو خان اور عبد الرؤف عالم بھی موجود تھے۔چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا،ہم نے اپنے گزشتہ دور میں بھی مشکل حالات کے باوجود ایکسپورٹ،پیداوار سمیت ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دیکھائی،انہو ں نے کہا کہ ریجنل ممالک کے ساتھ کنکٹیوٹی پی پی کا منشور ہے،ایران سمیت دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین یونائیٹڈ بزنس گروپ شہزا د علی ملک نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل اور ان کا حل کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،ہمیں امید ہے پیپلز پارٹی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتیں سیاسی استحکام پر توجہ دیں گی،ہمیں پالیسیوں میں تسلسل لانے کی ضرور ت ہے،پیپلز پارٹی کا ملکی سیاست میں اہم ترین کردار ہے،ہمیں امید ہے پالیسیوں کی تشکیل میں بزنس کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔سرپرست اعلی یو بی جی اور صوبائی وزیر پنجاب ایس ایم تنویر نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ملکی انڈسٹری کا پہیہ جاری رکھنے،ایکسپورٹ بڑھانے اور ملکی معاشی صورتحال کو مستحکم بنانے کی ہے،اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر بڑی جماعتوں کا کردار سب سے اہم ہے، یہ حقیقت ہے کہ ملک بھر کی صنعتوں اورتجارتی حلقوں کو یکساں مسائل کا سامنا ہے جس کیلئے سیاستدانوں اور بزنس کمیونٹی کو ایک پیچ پر آنا ہوگا۔سیکرٹی جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے اس موقع پر کہا کہ ڈپلومیسی اگر چہ پہلی دفاعی لائن ہے لیکن اب ڈپلومیسی کا قوموں کی معاشی ترقی میں بھی بنیادی کردار ہے،پاکستان کو بھی پولیٹیکل ڈپلومیسی کے بجائے معاشی ڈپلومیسی کی طرف بڑھنا چاہیے، کیوں کہ سویت یونین کے خاتمے کے بعد ان ہی ملکوں نے ترقی کی ہے جنہوں نے اپنی ڈپلومیسی کو سیاست کے بجائے معیشت کی طرف منتقل کیا ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور اقتدار میں بزنس فرینڈلی پالیسیاں تشکیل دی ہیں،اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کو بزنس فرینڈلی سمجھاجاتا ہے،انہوں نے اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد چیمبر کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، خیبر چیمبر کے صدر جواد کاظمی، سرگودھا، شیخوپورہ، لاڑکانہ اور رحیم یار خان چیمبر کے گروپ لیڈرز عامر عطا باجوہ، منظور ملک، ممتاز علی شیخ اور رؤف مختار ، پاکستان بزنس فورم کے صدر مومن ملک، تاجر رہنما رحمان چن، ڈاکٹر نعمان بٹ، سعادت شاہ، سہیل ملک، اسفند یار مندوخیل، محمد شفیق، ملک جہانگیر اورعزیزالرحمان چن بھی موجود تھے۔ملاقات میں سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے دور میں 10کوڑے کھانے والے پیر ناظم حسین شاہ بھی شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی دورحکومت میں ہونے والی معاشی تباہی سے نکلنے میں وقت لگے گا، بلاول کی تاجروں کے وفدسے گفتگو








