اسلام آباد(صغیر چوہدری)اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ۔ ان کے پاس یہ ایڈیشنل چارج ہے ۔ انہوں نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہوئے نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے روز فرائض انجام دئیے ۔چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لئے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گےانہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لئے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ نئے تعینات ہونے والے چیئرمین نادرا اسد رحمان تجربہ کار سینئر بیوروکریٹ ہیں، ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن اور لندن سکول آف اکامنکس سے تعلیم یافتہ ہیں۔ اس سے قبل سرمایہ کاری بورڈ میں وہ بطور وفاقی سیکریٹری اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔










