لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جیل میں چوہدری پرویز الٰہی سےملاقات کی ہے ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے کیمپ جیل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ہے ، اس دوران چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں نے چوہدری پرویز الٰہی سے حال احوال دریافت کیا ۔ ذرائع کا کہناہے کہ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی حالات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور امکان ہے کہ چوہدری پرو یز الٰہی جلد ہی ق لیگ میں واپس آ جائیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین آپس میں نہایت قریبی رشتہ دار بھی ہیں اور جیل میں ممکنہ طور پر بطور اہل خانہ بھی ملاقات ہو سکتی ہے تاہم ابھی تک چوہدری برادران کی جانب سے اس ملاقات کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آ سکی ہے ۔
9 مئی کے واقعات کے بعد متعدد رہنما اب تک تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ چکے ہیں اور جہانگیر ترین کی نئی جماعت استحکام پاکستان میں شامل ہو چکے ہیں ۔اب امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ مبینہ طور پر پرویز الٰہی بھی ان کا ساتھ چھوڑتے ہوئے ق لیگ میں واپسی کر سکتے ہیں ۔









