اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بی بی سی اردو نے ٹائی ٹینک کے ملبے اور اسے دیکھنے جانے والی سب میرین کے تباہ ہونے پر ایک جامع آرٹیکل شائع کیا ہے جس میں بتایا گیاہے کہ گہرائی میں جاکر سمندر میں اندھیرا ہو جاتا ہے۔ سورج کی روشنی پانی کے اندر بہت تیزی سے جذب ہو جاتی ہے اور سطح سے تقریباً 1,000 میٹر سے زیادہ گہرائی میں جانے سے قاصر رہتی ہے۔ اس مقام سے آگے سمندر میں مکمل تاریکی ہوتی ہے۔ اور ٹائی ٹینک کا ملبہ جہاں موجود ہے اسے اسی وجہ سے ’آدھی رات والا زون‘ کہا جاتا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق ملبے کے مقام تک جانے والی گذشتہ مہمات کا تجربہ یہ ہے کہ اسے مکمل اندھیرے میں دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک نیچے اترنا پڑتا ہے اور پھر سمندر کا فرش آبدوز کی روشنیوں میں اچانک نمودار ہوتا ہے۔یہ آبدوز ٹرک کے سائز کی ہوتی ہیں اور ان سے جو روشنی نکلتی ہے اس سے محض چند میٹر آگے تک ہی دیکھا جا سکتا ہے یعنی سامنے محدود بصارت ہوتی ہے۔ اور اس تاریک گہرائی میں آبدوز کا چلانا ایک مشکل کام ہے کیونکہ سمندر کی تہہ پر اس کا غیر متوازن ہونا آسان ہوجاتا ہے۔
ٹائی ٹینک کے ملبے والے مقام کے تفصیلی نقشے کئی دہائیوں کی ہائی ریزولوشن سکیننگ کے ذریعے اکٹھے کیے گئے ہیں اور وہ اس جگہ تک جانے کے راستے میں آنے والی چیزوں کا بتا سکتے ہیں۔ سونار کے ذریعے بھی عملے کو آبدوز کی محدود روشنی سے آگے کی چیزوں کا پتہ چلتا ہے۔آبدوز کے پائلٹ انرشل نیویگیشن تکنیک پر بھی انحصار کرتے ہیں۔ اس کے تحت وہ ایک معلوم نقطہ آغاز اور رفتار کے حساب سے اپنی پوزیشن اور واقفیت کو ٹریک کرنے کے لیے ایکسلرومیٹر اور جائروسکوپس کے نظام کا استعمال کرتے ہیں۔








