دنیا بھر میں وقت کے ساتھ ساتھ مہنگی سے مہنگی ترین شادیوں کا رجحان بھی بڑھتا جارہا ہے لیکن حال ہی میں ترکیہ میں ہونے والی مہنگی ترین شادی نے تمام حدوں کو پار کردیا۔
العربیہ کی ایک رپورٹ میں ترک اخبار ’ زمان ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ترکیہ کی معروف کاروباری شخصیت آدم دورماز اور سوزدار یگیزار نے اپنی شادی پر بے دریغ خرچ کرتے ہوئے شاہانہ شادی کی ایک نئی روایت قائم کی ۔
رپورٹ کے مطابق آدم دورماز اور سوزدار یگیزار کا تعلق ترکیہ کے امیر ارتوشی قبیلے سے ہے، دونوں کی شادی میں عراق ، ایران ، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ سمیت ترکیہ سے 5 ہزار مہمانوں نے شرکت کی۔
دلہن کو 4 کلو سونا تو دلہا کی سلامی ساڑھے 6 سے کروڑ سے بھی زیادہ
شادی کی تقریب میں دلہن کو 4 کلو سونے سے تیار مختلف طرز کے زیورات چڑھائےگئے دوسری جانب دلہا کو 6 ملین ترکیہ لیرہ (ساڑھے 6 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی سلامی دی گئی ۔
شادی کی تقریب میں مینیو کیا تھا؟
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہانہ شادی کے مہمانوں کی تواضع بھی شاہانہ مینیو سے کی گئی مہمانوں کے کھانے کے لیے100 بکریاں ذبح کی گئیں ، کھانے کے مینیو کے طور پر مہمانوں کو چاول، زاتزکی اور مٹھائیاں پیش کی گئیں۔
دوسری جانب تقریب میں مقامی فنکاروں کی جانب سے ترکیہ اور کرد گانوں کے ساتھ رقص کے بعد جیولری پارٹی کا انعقاد بھی کیا گیا تھاْ۔
تاہم شادی پر اتنا بے دریغ خرچ سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہ آیا اور صارفین نے ترک جوڑے کو شادی پر کیے جانے والے بے جا خرچ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔









