بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ننگے پاؤں زمین پر چلیں، صحت مند رہیں

گراؤنڈنگ (Grounding) یعنی ننگے پاؤں مٹی یا زمین پر چلنے کو گراؤنڈنگ کی اصطلاح کے طور پر لیا جاتا ہے جو ہماری صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔

گراؤنڈنگ ایک ایسا عمل ہے جسے دنیا بھر میں ہیلتھ ٹریٹمنٹ کے طور پر کیا جاتا ہے، عام طور پر لوگ ننگے پاؤں مٹی یا زمین پر چلنے سے گریز کرتے ہیں لیکن تجربے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ زمین سے مستقل جڑے رہنے سے جو فوائد حاصل ہوتے ہیں وہ انفلامیشن (سوجن) کم کرنے میں اہم ثابت ہوئے ہیں کیونکہ گراؤنڈنگ انفلامیشن سے متعلق گردش کرنے والے کیمیائی عوامل نیوٹرفلیس اور لیمفو سائٹس پر اثرانداز ہوتی ہے۔

امریکی کارڈیولوجسٹ اور انٹیگریٹڈ میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر سنٹارا اسٹیفن کے مطابق ’’گراؤنڈنگ سے زمین کی سطح کے ساتھ ایک خاص کنکشن بن جاتاہے، چونکہ زمین میں اینٹی انفلامیشن کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔

جب ہم ننگے پاؤں چلتے ہیں تو زمین میں الیکٹران ہمارے پیروں کے ذریعے جذب ہو جاتے ہیں جو ہمارے جسم میں توانائی پیدا کرتے ہیں اور سوزش دور کرتے ہیں جس سے جسم میں موجود تناؤ جیسی کیفیت کو کم کرنے میں مدد ملتی ہیں۔

انفلامیشن یا سوزش ہمارے جسم کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، اسی لئے طبی لحاظ سے اسے خاموش قاتل کہا جاتا ہے جسے ہم اکثر معمولی سمجھ کر نظرانداز کردیتے ہیں لیکن یہ ہائی بلڈ پریشر، دائمی درد، وزن کے بڑھنے، دل کے امراض، دمہ اور مسلز کو پہنچنے والے امراض جیسے بہت سی بیماریوں کو جنم دینے کا سبب بنتی ہے۔

اس حوالے سے امریکی کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر اسٹیفن کہتے ہیں کہ ’’انفلامیشن ہر بیماری کی وجہ بنتی ہے، جب ہم گراؤنڈنگ کی مدد سے اس پر قابو پالیتے ہیں تو کیسنر، فالج، دمہ، اسٹریس اور دل سے متعلق بہت سی بیماریوں کو روکنا آسان ہو جاتا ہے، جب ہمارے پیر زمین کو چھوتے ہیں تو اس سے ہمارے جسم میں موجود دائمی درد جو انفلامیشن کی وجہ بنتے ہیں، وہ دور ہوجاتے ہیں۔‘‘

اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں گراؤنڈنگ سے پہلے اور بعد کے نتائج معلوم کرنے کے لئے خون کے سرخ خلیوں کی روانی میں کافی حد تک ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا جو دل کی صحت میں اہم تصور کی جاتی ہے جس سے گراؤنڈنگ کے بعد کے نتائج میں یہ واضح ہوا ہے کہ گراؤنڈنگ خون کو پتلا کرنے اور خون کے سرخ خلیوں کے درمیان انرجی کو بہتر بناتی ہے۔

امریکا میں کی جانے والی سائنسی تحقیق سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ ننگے پاؤں چلنے سے جو انرجی ملتی ہے اس سے جسم کی قدرتی مدافعت کو بحال کیا جاسکتا ہے۔

امریکی ماہرین کے مطابق ’’گراؤنڈنگ سے جسمانی اعضاء کے نظام کو سپورٹ ملتی ہے جس سے ہمارا جسم ہر طرح کے فنکشن کو سپورٹ کرتا ہے۔‘‘

گراؤنڈنگ نہ ہونے سے جسم میں الیکٹران کی کمی واقع ہوسکتی ہے، جب ہمارا جسم گراؤنڈ ہو جاتا ہے تو ہمارے جسم پر لگنے والی چوٹیں اور زخموں کی نوعیت مختلف ہوتی ہے، جبکہ الیکٹران کے اضافے سے یہ زخم یا چوٹیں بہت تیزی سے بھرنے لگتے ہیں جس سے الیکٹران میں ہونے والے اضافے سے انفلامیشن (سوجن) میں واضح کمی دیکھی جاسکتی ہے۔

گرائونڈنگ کے لئے ماہرین روزانہ کم سے کم دس منٹ اور زیادہ سے زیادہ بیس سے تیس منٹ تجویز کرتے ہیں، اس کے لئے مختلف سسٹم ہو سکتے ہیں، چاہے مٹی پر ہو، ساحل کی ریت یا گھاس پر، یہ آپ پر انحصار کرتا ہے کہ آپ گرائونڈنگ سے فوائد کس طرح حاصل کرسکتے ہیں۔