نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کی منسوخی کے حوالے سے پٹیشنوں پر دو اگست سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔
5اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو آرٹیکل 370 کے تحت حاصل خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کردی تھی۔
بھارت کی کئی سیاسی جماعتوں نے حکمران جماعت بی جے پی کے اس اقدام کے خلاف پٹیشن میں اعتراض اٹھایا تھا کہ اس غیرآئینی اور غیرقانونی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ اس میں مقامی قانون ساز اسمبلی کی نہ تو مرضی شامل ہے اور نہ عوام کو اس بارے میں اعتماد میں لیا گیا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے منگل 2023-07-11کو ان درخواستوں پر پہلی سماعت کی۔
سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی سے متعلق درخواستوں کی سماعت 2اگست سے پیر اور جمعے کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔









