سیاچن ایک گلیشیئر ہے۔ ضلع بلتستان کے مشرق میں واقع ہے۔ اس کی لمبائی 46 میل اور بلندی 6166 میٹر ہے۔ سیاچن، چین کی سرحد سے 30 میل پاکستان کے اندر واقع ہے۔ اس کے مشرق میں 5575 میٹر بلند قراقرم کا درّہ ہے جس کے ذریعے قدیم زمانے میں تجارتی قافلے کشمیر، پارقند، بلتستان، لداخ اور وسط ایشیا آیا جایا کرتے تھے۔ بلتی زبان میں ’سیا‘ کے معنی ’گلاب‘ کے ہیں اور ’چن‘ کے معنی ’بہت زیادہ‘ کے ہیں۔ گویا سیاچن کا مطلب وہ مقام ہے جہاں گلاب بکثرت دستیاب ہیں۔ یہ گلیشیئر 1850ء میں دریافت ہوا۔ 1909ء میں ڈاکٹر لانگ اسٹاف نے اس کا سروے کیا۔ 1912ء 1914ء اور 1930ء میں سائنسی مہمیں سیاچن پر گئیں جن کے ذریعے مفید معلومات حاصل ہوئیں۔
1984ء میں اچانک بھارتی فوج نے سیاچن کے کچھ حصے پر غاصبانہ قبضہ کرلیا۔ پاکستانی فوج کی بروقت کارروائی سے پورا سیاچن ان کے قبضے میں نہ آسکا۔ اس وقت سے اب تک دونوں ملکوں کی افواج آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ جانی و مالی نقصان ہورہا ہے۔ مذاکرات ہوتے ہیں لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔
حقیقت یہ ہے کہ سیاچن پاکستان کا حصہ ہے۔1962ء کے پاک چین سرحدی معاہدے کے تحت مشرق میں درّہ قراقرم سے آغاز کرکے (بشمول سیاچن) پاکستان کی کنٹرول لائن دکھائی گئی تھی۔ ہندوستان کو اعتراض نہ ہوا۔ اس کے علاوہ سال ہا سال تک بیرون ممالک کی کوہ پیما ٹیمیں حکومت پاکستان سے باقاعدہ تحریری اجازت لے کر اسکردو کے راستے سیاچن گلیشیئر جاتی رہی ہیں۔ ہندوستان کو اعتراض نہ ہوا۔ 1957ء میں امپیریل ڈیفنس کالج لندن کی ایک ٹیم حکومت پاکستان کی اجازت سے سیاچن تک گئی۔ 1960ء اور 1961ء میں آسٹریا کی کوہ پیما ٹیمیں خپلو کے راستے سیاچن گئیں۔ 1962ء ،1975ء، 1976ء میں جاپانی ٹیمیں حکومت پاکستان کی اجازت لے کر سیاچن گئیں۔
اقوام متحدہ کے نمائندے سراوون ڈکسن نے اپنی رپورٹ میں جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کی گئی تھی، اس میں سیاچن اور دوسرے آس پاس کے گلیشیئروں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا حصہ دکھایا۔ ہندوستان نے کبھی اعتراض نہ کیا لیکن 1984ء میں حملہ کرکے خود مصیبت میں پھنس گیا۔ جس طرح کہ 1947ء میں کشمیر پر حملہ کرکے آج تک اپنے ہی دام فریب میں گرفتار ہے۔








