لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں بیٹے نے باپ کو لوٹ لیا جو اس کی ماں کی موت کے غم سے نڈھال ہونے کے سبب بیٹے سے الجھنا نہیں چاہتا تھا، بیٹے نے اپنے باپ کی آواز استعمال کر کے کروڑوں روپے (73 ہزار ڈالر) کا چونا لگا دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈینیل کتھبرٹ نے مری ہوئی ماں کی آواز کی نقل کی اور بینک ملازمین کو ماں بن کر ہزاروں ڈالرز باپ کے اکاونٹ سے اپنے اکاونٹ میں منتقل کرنے کی ہدایات دیتا رہا۔
باپ کو اپنے اکاؤنٹ میں رقم کم ہونے پر شک ہوا تو اس نے بیٹے سے دریافت کیا تو بیٹے نے لاعلمی کا اظہار کیا، بیوی کی موت سے پریشان حال باپ نے گھر میں کسی تلخی سے بچنے کیلئے ڈینیل سے مزید کوئی بات نہ کی۔
کچھ عرصے بعد باپ کو بینک اہلکار نے بتایا کہ اس کے اکاؤنٹ میں اتنی رقم نہیں کہ وہ گھر کی قسطیں ادا کر سکے اور وہ گھر سے نکالا جا سکتا ہے۔ باپ نے مجبوری میں پولیس کو اطلاع دی، تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ بیٹا کبھی باپ اور کبھی ماں بن کر بینک ملازمین کو فون کر کے رقم اپنے اکاونٹ میں منتقل کرواتا رہا، اس مقصد کیلئے وہ اپنے باپ اور کبھی ماں کی آوازوں کی ایسی شاندار نقل کرتا کہ کمپیوٹر بھی سب اچھا کی رپورٹ دیتا۔ بالآخر تفتیش کے بعد ملزم ڈینیل کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔









