سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو ریاض میں ڈنمارک کی ناظم الامور کو طلب کرکے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پر احتجاجی نوٹ حوالے کیا اور ’توہین آمیز اقدامات روکنے‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے منافی واقعات روکے جائیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان کے ذریعے مملکت کی جانب سے ان اقدامات کو قطعی طور پر مسترد کیا جو بین المذاہب نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ڈنمارک میں ایک شدت پسند تنظیم نے قرآن کریم کے نسخے کو نذر آتش کیا اور کوپن ہیگن میں عراق کے سفارتخانے کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نفرت اور نسل پرستی کے نعرے لگائے۔
قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک نے سویڈن اور ڈنمارک کے سفارتکاروں کو طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دوسری جانب اسلامی سربراہ کانفرنس کے قائد کی حیثیت سے سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کا جائزہ لینے کیلئے مسلم وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 بروز پیر طلب کرلیا۔
قران پاک کی بے حرمتی، سعودی عرب نے ڈنمارک کی ناظم الامور کو طلب کرلیا







