چھینگدو(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ سے جارجیا کے وزیر اعظم ایراکلی گریباشویلی اور گیانا کے صدر عرفان علی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ چینی صدر سے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھینگدو میں جارجیا کے وزیر اعظم نے ملاقات کی جو ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز کے 31 ویں سمر ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور دورہ چین کے لیے چھینگدو میں موجود ہیں۔اس موقع پر صدرشی نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے 31 سالوں کے دوران چین اور جارجیا نے سیاسی باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گریباشویلی کے دورے کے دوران دونوں فریق ایک مشترکہ بیان جاری کریں گے اور چین-جارجیا سٹرٹیجک شراکت داری کے قیام کا اعلان کریں گے۔صدرشی نے کہا کہ اسے ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لیتے ہوئے چین اور جارجیا کو دوطرفہ تعلقات کی حکمت عملی اور طویل مدتی نقطہ نظر سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے، سٹرٹیجک شراکت داری کی مستحکم ترقی کو فروغ دینا چاہیے اور دونوں ممالک کی ترقی اور احیاء کے فروغ کی رفتار تیزکرنی چاہیے۔دریں اثنا چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے دارالحکومت چھینگدومیں گیانا کے صدر عرفان علی سے ملاقات کی جو ایف آئی ایس یو ورلڈ یونیورسٹی گیمز کے 31 ویں سمر ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور دورہ چین کے لیےچھینگدو میں موجود ہیں۔اس موقع پرصدرشی نے کہا کہ چین اور گیانا کو ایک دوسرے کا قابل اعتماد اورقابل بھروسہ دوست ہونا چاہیئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مواقع بانٹنے، چیلنجز کا مقابلہ کرنے، تعاون تلاش کرنے اور مل کر ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔صدرشی نے مشترکہ مستقبل پر مبنی قریبی چین-گیانا کمیونٹی کی تعمیر پر زور دیا۔گیانا کیریبین خطے کا سب سے پہلا ملک تھا جس نے ایک چین کے اصول کو تسلیم کیا اور عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ گزشتہ سال چین اور گیانا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ منائی گئی تھی۔
چینی صدر سے گیانا کے صدر۔ جارجین وزیراعظم کی ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورطویل مدتی منصوبہ بندی کرنے پرزور







