جسٹن ٹروڈو 25دسمبر 1971ء کو کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پیدا ہوئے، جسٹن ٹروڈو سیاست میں آمد سے قبل ایک معلّم اور سماجی کارکن کے طور پر خدمات انجام دینے والے جسٹن ٹروڈو ،سابق کینیڈین وزیرِ اعظم، پیرے ٹروڈو کے سب سے بڑے صاحب زادے ہیں اوران کی والدہ کا نام،مارگریٹ ٹروڈو ہے۔
سیاست ان کے خون میں شامل ہے کہ ان کے نانا، جمی سنک لیئر 1950ء کی دہائی میں کینیڈا کی وفاقی کابینہ میں وزیر رہے۔ جب جسٹن ٹروڈو کی عُمر صرف 6برس تھی، تو ان کے والدین کے درمیان علیٰحدگی ہو گئی، اپنی زندگی کے ابتدائی ایّام وزیرِ اعظم کی سرکاری رہائش گاہ، 24سسیکس ڈرائیو میں گزارنے کی وجہ سے وہ اکثر عوام کی نظروں میں رہتے۔
جب جسٹن کی عُمر 12برس ہوئی، تو اُن کے والد نے سیاست کو خیر باد کہہ دیا اور اپنے بیٹوں کے ساتھ مونٹریال منتقل ہو گئے، جہاں جسٹن نے اپنے والد ہی کی مادرِ علمی، کالج جین ڈی بری بیوف سے ثانوی تعلیم مکمل کی۔ 1994ء میں انگلش لٹریچر میں گریجویشن کے بعد جسٹن نے ایک سال بیرونِ مُلک سفر کرتے گزارا۔ 1995ء میں میک گِل یونی ورسٹی میں واپس آئے اور اتالیق بننے کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی۔ تاہم، تعلیم مکمل ہونے سے قبل ہی وِسلر، برٹش کولمبیا منتقل ہو گئے، جہاں انہوں نے سِنو بورڈنگ کے انسٹرکٹر کے علاوہ ایک نائٹ کلب میں بائونسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
جسٹن ٹروڈو 1998ء میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے ٹیچرز کالج سے بیچلرز آف ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کی۔ کوکویٹ لیم، بی سی میں متبادل ٹیچر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد، وینکوور کے ایک نجی اسکول، ویسٹ پوائنٹ گرے اکیڈمی میں مستقل ملازمت اختیار کی، جہاں ابتدا میں فرانسیسی اور ریاضی پڑھاتے رہے اور آخر کار وینکوور کی سرکاری درس گاہ، سر ونسٹن چرچل سیکنڈری اسکول میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
دو المناک واقعات نے جسٹن ٹروڈو کی زندگی میں تحرّک پیدا کیا۔ 1998ء میں کوکینی جھیل میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں چھوٹے بھائی، مائیکل کی موت نے انہیں گہرے صدمےسے دوچار کیا اور اس واقعے کے صرف دو برس بعد پروسٹیٹ کینسر کے سبب والد کی موت نے توانہیں جیسے ہلا کر رکھ دیا۔
سرکاری اعزاز کے ساتھ والد کی تدفین کے موقعے پر ٹی وی چینلز پر اُن کی تعریف و توصیف جسٹن ٹروڈو کو ایک مرتبہ پھر عوام کی نظروں میں لے آئی اور اُن کی جانب سے اپنے آنجہانی والد کی طرح سیاست کو کیریئر بنانے کی افواہوں کو بھی تقویّت ملی لیکن انہوں نے کافی عرصہ کے بعد باقاعدہ سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔
2003ء میں جسٹن اور صوفی گریگوئری کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا، جو ان کے چھوٹے بھائی، مائیکل کی بچپن کی دوست تھی اور کیوبک میں فرانسیسی اور انگریزی زبانوں کے ٹی وی اور ریڈیو چینلز میں میزبان کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ گریگوری اور جسٹن ٹروڈو 28مئی 2005ء کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے لیکن شادی کے 18 سال بعد دونوں نے راہیں جدا کرلی ہے۔









