بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے شہریوں کو در پیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے احتجاجی ریلی کا انعقاد

اسلام آباد (ممتازنیوز ) جماعت اسلامی اسلام آبادکے زیر اہتمام اسلام آباد کے شہریوں کو در پیش مسائل اور ان کے حل ، مہنگائی اور بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے کے خلاف آبپارہ مارکیٹ سے جی نائن مرکز تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا اور نائب امیر محمد کاشف چوہدری نے کی ، احتجاجی ریلی میں سینکڑو ں کی تعداد میں شہریوں نے مو ٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار ہو کر شر کت کی ، مظاہرین نے حکومت اور سی ڈی اے کے خلاف پر جوش نعرے لگائے اور بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر مطالبہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت اور اس کے شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی بند کی جائے۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا وفاقی دارلحکومت دنیا کے خوب صورت شہروں میں سے ایک شہر ہے مگر منتخب نمائندوں اور اداروں کی عدم تو جہ کے باعث اسلام آباد مسائلستان کا منظر پیش کر رہا ہے ، جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک کا آغازکر دیا ہے ، انھوں نے کہاپارٹیوں نے 15مہینوں میں ناکام طرز حکمرانی کا 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا، بدترین مہنگائی، دہشت گردی سے عوام بری طرح متاثر ، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر آخری دنوں میں بھی غریبوں کو بجلی کے جھٹکے دے رہے اورپٹرول بموں سے حملہ آور ہیں، حکمرانوں نے اپنی مراعات کم نہیں کیں، جماعت اسلامی مراعات یافتہ طبقہ کی مراعات ختم کر کے وسائل کو عوام پر خرچ کرے گی، میاں محمد اسلم نے کہا اسلام آباد کا یہ علاقہ بجلی گیس پانی صحت اور سڑک جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہے یہ کیسا دارلحکومت ہے کہ جس کے کئی علاقوں میں بجلی نہیں ہے سکول نہیں ہے ہسپتال نہیں سڑک نہیں ہے اور آبادی لاکھوں سے تجاوزکر چکی ہے لیکن اس شہرکو کو ئی وارث نہیں ہے اس شہر کو کوئی قانونی حیثیت نہیں دی گئی، انھوں نے کہا اسلام آباد میںسینکڑوں سوسائٹیاں موجود ہیں لاکھوں عوام رہائش پذیر ہیں لیکن تا حال انکو قانونی حیثیت نہیں دی گئی اور وہ سہولیات سے محروم ہیں ۔
ریلی کے شر کاءسے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ شہر اس وقت بدامنی کا بھی گڑھ بن چکا ہے جرائم پیشہ افراد کا جہاں جی چاہتا ہے وہاں ناکہ بندی کر کے شہریوں کو لوٹ لیتے ہیں امن و امان کے محافظ اس وقت سیاسی منشی گیری میں مصروف ہیں سی ڈی اے کرپشن و کمیشن کا ادارہ بن چکا ہے لوٹ مار کا بازار سرگرم ہے، انھوں نے کہا جماعت اسلامی نے آج عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے جس کا دائرہ کار اسلام آباد بھر میں بڑھایا جائے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں حکومت کے خلاف بھرپور اجتجاج مظاہرے کیے جائیں گے۔