استنبول(ممتازنیوز)رفاہ پارٹی استنبول کے نائب سربراہ دوگان بیکن نے مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست 2019ءکے ناجائز اقدامات منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ ان کی جماعت حق خودارادیت کی جہدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یہ مسئلہ حل کرانے کی کوششیں تیز کرے، ترکیہ کا بھی کشمیر کے تنازع پرموقف مستقل اورواضح ہے،بھارت کی مودی سرکار چونکہ ایک ایجنڈے کے تحت کشمیر پراپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہےاوراس نےجموں اور لداخ کو پانچ اگست 2019ء کے اقدام کے تحت بھارتی سٹیٹ یونین کا حصہ بناکر اسی روز سے کشمیریوں کا عرصہ حیات تنگ کیاہوا ہےاوراپنے اس اقدام کے خلاف دنیا بھر میں ہونے والے کسی بھی احتجاج کودرخور اعتنانہیں سمجھا۔
جمعہ کو رفاہ پارٹی استنبول کے نائب دوگان بیکن نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے وفد جس میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر، کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمدساغر، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رکن الطاف احمد بھٹ، آزاد جموں و کشمیر کی قانون سازاسمبلی کے سابق رکن عبدالرشید ترابی اور کشمیرڈائاسپورا کولیشن کےسینئروائس چیئرمین ڈاکٹر، مبین شاہ شامل تھے ،کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نےآرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کر دیاجو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کی خصوصی حیثیت کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نےکہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی جب گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تب انہوں نےبھارتی تاریخ کے سب سے بڑے ہندومسلم فسادات کروائے، اس کےبعد وزیر اعظم بنے تو ہندوتوا نظرئیے کو ابھارا۔
انہوں نےکہاکہ ایک متنازعہ خطے کوغیرفوجی بنانے کی ضرورت ہےجو طویل عرصے سے بھارتی فوج کے قبضے میں ہے۔انہوں نےکہاکہ مقبوضہ کشمیر کےمستقبل کاتعین عالمی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے کیا جانا چاہیے، بیکن نےخطے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے اور ہندوبالادستی قائم کرنے کی کوششوں پر بھی گہری تشویش کا اظہاراورکہاکہ جموں و کشمیر میں مشرقی یروشلم، مغربی کنارے اور غزہ کی طرح کے غیرقانونی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،بیکن نے خطے سے ہندوستانی فوج کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے موثر کارروائی کرنے پربھی زور دیا۔ انہوں نے ترکیہ پربھی زور دیا کہ وہ کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرے۔
عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کی کوششیں تیز کرے،ترک سیاسی رہنما دوگان بیکن








