بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی ،فریدہ بہن جی

کشمیری سب سے پہلے پاکستانی ہیں، کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان رہتا ہے


کشمیری عوام اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے لیے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے بے حد مشکور ہیں،منظوراحمد ڈار


سینئر حریت رہنماء وچیرپرسن جموں و کشمیر ماس موومنٹ کا یوم آزادی پر حکومت اور پاکستانی عوام کو مبارکبادی پیغام


سرینگر،اسلام آباد(ممتازنیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے یوم آزادی پر حکومت اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو پاکستان سے جدا نہیںکرسکتی ،کشمیری سب سے پہلے پاکستانی ہیں، کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان رہتا ہے،ایک مضبوط و خوشحال پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کا ضامن ہے، چودہ اگست پاکستان کے یوم آزادی پر اپنے مبارکبادی پیعام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان وجود میں آنے سے قبل ہی خدادادمملکت کے ساتھ اپنے مستقبل کا تعین کیا تھاجب 1947سرینگر کے آبی گزر میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد اتقاق رائے سے منظور کی گئی،کشمیری سب سے پہلے پاکستانی ہیں، انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرراردیا ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے ،کشمیری خاتون رہنماء نے کہاکہ کشمیر ی شروع دن سے خداداد مملکت پاکستان سے بے انتہاء محبت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان رہتا ہے کشمیری شہداء کو پاکستانی سبز ہلالی پرچم میں دفنایا جاتاہے یہ پاکستان کے ساتھ وابستگی اور پیار کی انتہا ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو پاکستان سے جدا کرسکتی ہے نہ ہی ان کے دلوں سے پاکستان سے محبت ختم کرسکتی ہے ، فریدہ بہن جی نے کہاکہ کشمیر ی عوام کے لئے دنیا میں پاکستان ایک امید کا مرکز ہے جو مسئلہ کشمیر کا بھی ایک اہم فریق ہے ،فریدہ بہن جی نے کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمائت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان موجودہ حالات کے تناظر میں کشمیر پر ایک ٹھوس پالیسی اختیار کرے گی تاکہ کشمیری عوام کے مصائب کچھ حد تک کم ہوسکیں اوروہ سکھ کا سانس لیں سکیں،انہوں نے پاکستان کی خوشحالی ،مضبوطی اور سلامتی کے لئے دعاء کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کو ہرلحاظ سے خوشحال اور مضبوظ دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ایک مضبوط و خوشحال پاکستان ہی کشمیریوں کی تحریک کی کامیابی کا ضامن ہے ۔ حریت رہنماء نے کہا کہ اس وقت کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے خاص کر 5 اگست 2019 کے بعد کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل اور کشمیریوں کو ہر لحاظ سے کمزور کرنے کے لئے مودی سرکار ایک خوفناک ایجنڈے پر عمل پیر ہے ان حالات میں پاکستان اور مسلم امہ کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیریوں کی شناخت کو بچانے اور مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق عالمی سطح پر بھارت پر دباو بڑھائیں ۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیرپاکستان شاخ کے رہنماء منظور احمد ڈارنے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کو ان کے یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا، کشمیری عوام اپنی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی ہر طرح کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے لیے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔ پاکستان کے امن، طاقت، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حریت رہنماء نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔۔۔