مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) سے کسی بھی ناپسند اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کا فیچر ختم کیا جارہا ہے۔
ایکس کے مالک ایلون مسک، جو پہلے ہی ایپلی کیشن میں متنازع تبدیلیاں کرچکے ہیں اور صارفین کی سخت تنقید کا بھی سامنا کرچکے ہیں، انہوں نے اب حال ہی میں ایکس پر بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا ایپس پر جو صارفین غیر اخلاقی مواد سے پرہیز چاہتے ہیں یا ہراساں کیے جانے یا نفرت انگیز مواد کو اپنی ٹائم لائن پر نہیں دیکھنا چاہتے، وہ ایسے اکاؤنٹس کو بلاک کردیتے ہیں، ان کے لیے بلاک کا آپشن فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ پریشانی سے بچ سکیں۔
لیکن اب ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ایکس سے بلاک کا آپشن ختم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مختصراً بتایا کہ ’بلاک کو فیچر کے طور پر ختم کیا جارہا ہے تاہم میسجز (DM) میں بلاک فیچر کو نہیں ہٹا یا جائےگا‘۔
Block is going to be deleted as a “feature”, except for DMs
— Elon Musk (@elonmusk) August 18, 2023
ایلون نے ایکس سے بلاک فیچر کو ختم کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم انہوں نے یہ بتایا ہے کہ پلیٹ فارم پر میوٹ فنکشن برقرار رہے گا۔
میوٹ فنکشن فی الحال صرف اکاؤنٹ کی پوسٹس کے نوٹیفیکشن کو روکتا ہے تاہم جن اکاؤنٹس کو آپ نے میوٹ کیا ہوا ہے وہ اب بھی آپ کی پوسٹ دیکھ سکتے ہیں اور ان کا رپلائی بھی کرسکتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اگر بلاک کا آپشن پلیٹ فارم سے ختم کیا جاتا ہے تو آیا وہ تمام اکاؤنٹس جو بلاک ہیں، خود بخود اَن بلاک ہو جائیں گے یا وہ بلاک ہی رہیں گے۔









