جاپان میں رہنے والے پاکستانیوں نے نہ صرف کاروباری سطع پر بلکہ سماجی سطح پر بھی جاپان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سفیر پاکستان نے جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو تلقین کی کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر مشکل وقت سے گزر رہا ہے، لہذا ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پاکستان کے لیے کچھ کرنا ہوگا جس کے لیے بہترین کام زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ بینکنگ چینل سے پاکستان بھجوانا ہے۔
جاپان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی قانونی طور پر زیادہ سے زیادہ رقم پاکستان بھیج کر پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر (ن) لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کی اس تقریب میں سفیر پاکستان کو دیکھ کر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں اس سے پہلے ایسا نہیں ہوا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج سفیر پاکستان کو دیکھ کر پاکستانی کمیونٹی بھی بہت خوش ہے اور آج ہمارا پاکستان کے لیے جذبہ پہلے سے بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، ہم سب مل کر پاکستان کی خدمت کریں گے اور جو بھی ہوسکا کریں گے۔
ملک نور اعوان نے میاں نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اسے معاشی طور پر مضبوط بنایا اور ہمیں یقین ہے کہ میاں نواز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیر اعظم ہونگے اور پاکستان کو دفاعی اور معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے (ن) لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی ملک کے لیے جزبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ پاکستانی جو پاکستان کی بات کرتا ہے ان کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔









