بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کا گریڈ 17 اوراُوپر کےملازمین کیلئے مفت بجلی ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ واپڈا کے پرانے ملازمین علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی۔ا س وقت یہ رعایت ڈیسکوز کے ملازمین کو مل رہی ہے۔ایسا نہیں کہ تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی جس میں وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے بھی شرکت کی۔ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ نگران وزیراعظم نے اتوار کو بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں پاور سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ بجلی کا ٹیرف کا تعین نیپرا کرتا ہے۔ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا تعین نئے پاور پلانٹس کے لئے ہے۔سالانہ مہنگائی میں اضافے کے باعث بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل ہوتا ہے۔
وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث بجلی ٹیرف بڑھانا پڑتا ہے۔شرح سود بڑھنے سے بھی ٹیرف میں تبدیلی کرنا پڑتی ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بھی بجلی کی قیمتوں میں فرق آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ مالی سال ڈالر کے ریٹ کا اندازہ 195 لگایا گیا اور اس کے مطابق ٹیرف نوٹیفائی کیا گیا ۔ گذشتہ مالی سال ڈالر کی قیمت 284 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ ہم نے آر ایل این جی کی قیمت 3183 ایم ایم بی ٹی یو روپے مقرر کرنے کا پلان بنایا جبکہ آر ایل این جی کی قیمت 3 ہزار سے 3800 کے درمیان رہی ۔
انہوں نے بریفنگ میں کہا کہ اسی طرح درآمدی کوئلے کی قیمت بھی 51 ہزار سے 61 ہزار روپے فی میٹرک رہی۔ اگلے سال ہم نے 2 کھرب روپے صرف کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادائیگیاں کرنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی ٹیرف میں اضافے کا بڑا فرق 400 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں پر لاگو ہوا۔ 63.5 فیصد ڈومیسٹک صارفین کے لئے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔ 31.6 فیصد ڈومیسٹک صارفین کے لئے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے سے 6.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا۔
وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ صرف 4.9 فیصد ڈومیسٹک صارفین کے لئے ٹیرف میں 7.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا ۔ ڈومیسٹک صارفین کے لئے اوسطاً ٹیرف میں 3.82 روپے کا اضافہ ہوا۔ دیگر کیٹیگریز میں آنے والے صارفین کے لئے 7.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی 2022ءمیں زیادہ سے زیادہ بجلی کا ٹیرف 31.02 روپے فی یونٹ تھا۔ اگست 2023ءمیں 33.89 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت ہے ۔ ڈیسکوز کے افسران کو فراہم کئے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واپڈا کے پرانے ملازمین علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی۔ا س وقت یہ رعایت ڈیسکوز کے ملازمین کو مل رہی ہے۔ایسا نہیں کہ تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔