بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی صورتحال پر اجلاس، تاجر برادری نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجر برادری نے معیشت کی بحالی کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اسلام آباد میں ملکی معاشی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا معاشی استحکام میں کردار قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے امیگریشن اور کسٹمز حکام کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایئرپورٹس پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور غیر ملکی زرمبادلہ کی غیر قانونی تجارت کے معاملے پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی وضع کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات دیں۔
اجلاس میں ملک کی کاروباری اور صنعتی برادری کے سرکردہ افراد نے شرکت کی جنہوں نے وزیراعظم کو ملک کے معاشی استحکام کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔