نئی دہلی: جی 20 کانفرنس کے موقع پر بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں سوا لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں، تمام اسکول و سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ بلٹ پروف لیموزین بھی طلب کرلی گئی ہے۔
بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جی 20 کانفرنس کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دہلی میں 8 ستمبر سے 10 ستمبر تک سخت حفاظتی انتظامات کے گئے ہیں۔
اگلے ہفتے جی 20 سربراہ اجلاس میں انتہائی ہائی پروفائل مہمانوں کی میزبانی کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ ذیل میں سربراہی اجلاس سے پہلے کیے گئے حفاظتی اقدامات کا ایک جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے قومی راجدھانی دہلی کو ”ہائی الرٹ“ پر رکھا جائے گا۔
جی 20 کی صدارت کے تحت منعقد ہونے والی نمائشی تقریب کے لئے ہندوستان کی اب تک کی سب سے ہائی پروفائل اور طاقتور مہمانوں کی فہرست کی تیاریوں کے دوران تقریبا ایک لاکھ تیس ہزار( 1،30،000) سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
تمام سکولوں اور سرکاری دفاتر کو 8 سے 10 ستمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نئی دہلی ضلع میں بینک، مالیاتی ادارے اور تجارتی ادارے بھی اس مدت کے دوران بند رہیں گے۔









